Tuesday 14th May 2024 01:40:34 PM

چینی صدر کا ’نئے جدید سوشلسٹ تبت‘ کی تعمیر کا اعلان

چینی صدر کا ’نئے جدید سوشلسٹ تبت‘ کی تعمیر کا اعلان

انڈیا کے ساتھ جاری حالیہ تناؤ کے دوران ، چینی صدر شی جن پنگ نے ایک 'نئے جدید سوشلسٹ تبت' کی تعمیر کی کوشش پر زور دیا ہے۔ اس سے قبل چینی وزیر خارجہ وانگ یی تبت گئے تھے اور انڈیا کی سرحد کے ساتھ جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا تھا۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پنگ نے بیجنگ میں تبت سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ باتیں کیں۔ انھوں نے کہا کہ چین کو تبت میں استحکام برقرار رکھنے اور قومی اتحاد کے تحفظ کے لیے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

چین نے سنہ 1950 میں تبت پر اپنا کنٹرول قائم کیا تھا۔

ناقدین جو جلاوطن روحانی پیشوا دلائی لامہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ 'چین نے تبت اور وہاں کی ثقافت کے لوگوں کے ساتھ برا سلوک کیا۔

تبت کی آئندہ حکمرانی کے بارے میں کمیونسٹ پارٹی کے سینئر ارکان کے اس اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ نے کامیابیوں اور فرنٹ لائن پر کام کرنے والے افسران کی تعریف بھی کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ خطے میں اتحاد کو بڑھانے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شی جن پنگ نے اجلاس میں کہا کہ ’تبت کے سکولوں میں سیاسی اور نظریاتی تعلیم پر زیادہ زور دینے کی ضرورت ہے تاکہ چین کے ساتھ محبت کا بیج وہاں کے ہر جوان کے دل میں بویا جا سکے۔'

شی جن پنگ نے کہا کہ تبت میں کمیونسٹ پارٹی کے کردار کو مستحکم کرنے اور نسلی گروہوں کو بہتر طور پر متحد کرنے کی ضرورت ہے۔

اس تناظر میں انھوں نے کہا کہ 'ہمیں متحد، خوشحال، مہذب، ہم آہنگ اور خوبصورت، جدید، سوشلسٹ تبت بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔